• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کے جان و مال کا تحفظ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے، ناصر عباس

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہےکہ کوئٹہ میں غریب محنت کشوں کو بیدردی سے شہید کیا گیا، مقتولین کے ورثا گزشتہ تین روز سے جنازے رکھ کر شدید سردی میں وزیر اعظم کی آمد کے منتظر ہیں،انہیں ان کی غربت کے باعث نظر انداز کیاجارہا ہے۔ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، وہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام قاسم سلیمانی، ابومہدی مہندس اور رفقاءکی پہلی برسی کے سلسلے میں یہاں شہید قدس گول میز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ناصر عباس نے کہا عوام کے جان و مال کا تحفظ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے امریکہ اور اس کے حواری خطرناک کھیل شروع کر رکھا ہے، پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے،اسرائیل کو گریٹر اور ایشیا کو عدم استحکام کا شکار کر کے امریکہ پوری دنیا پر قابض ہوناچاہتا تھا،امت مسلمہ کی تقسیم کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں ۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہزارہ قبیلہ کے ساتھ وحشت و بربریت کا جوکھیل کھیلا گیا ا سکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اسلام آباد کے ڈپٹی میئر ذیشان نقوی نے کہا کہ قاسم سلیمانی کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ کانفرنس سے جمعیت علمائے پاکستان(نیازی)کے صدر سیدمعصوم نقوی،علامہ حسنین گردیزی ، ڈاکٹر امجد حسین چشتی،مظہر برلاس،پیر سید صفدر گیلانی،امیر عباس نے بھی خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر داعش کا وجود ناقابل قبول ہے۔فلسطین فاؤنڈیشن کے چیئرمین صابر ابو مریم کربلائی نے کہا کہ داعش کے سامنے سب سے مضبوط مزاحمتی قوت شہید قاسم سلیمانی کی تھی۔ملی یکجہتی کونسل کے رہنما علامہ ثاقب اکبر نے کہا کہ قاسم سلیمانی کی شہادت وہ ظلم ہے جس پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔
تازہ ترین