جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملک میں ساری کمیونیٹیز غیر محفوظ ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مچ اندوہناک واقعہ ہے، اس کے ذمےداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے دہشتگردوں کو شکست دی، کہاں ہے وہ شکست؟
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج بنوں میں علاقے کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، سینیٹ الیکشن کے بارے میں فیصلے متفقہ ہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں حکمت عملی پر ہم متوجہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوری کا پورا مہینہ موجود ہے، آئندہ کا سائحہ عمل طے کریں گے، جعلی حکومت کے ساتھ قومی ڈائیلاگ خارج ازامکان ہے، یہ جعلی اسمبلی ہے، اس کو وقت پورا کرنے نہیں دینا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے مظاہروں کو نہیں روک سکتی جبکہ انہوں نے ملتان اور لاہور میں کوشش کی، اس کے علاوہ لاکھوں کے اجتماع کو تین چار ہزار کا اجتماع ظاہر کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ استعفوں اور لانگ مارچ کے معاملے پر جنوری میں بات کریں گے۔