پاکستانی اداکار عمران عباس کا مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹاک ٹاک کے حوالے سے کہنا ہے کہ کبھی ایسا نہیں کہا کہ ٹک ٹاک پسند نہیں، ساتھ ہی انہوں نے جلد ٹک ٹاک جوائن کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔
اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام پر مداحوں کیلئے سوال و جواب کا سیشن کیا ۔
اسی دوران ایک صارف نے اپنے پسندیدہ اداکار سے پوچھا کہ آپ نے کہا تھا کہ آپ کو ٹک ٹاک نہیں پسند ہے، اس کی کیا وجہ ہے؟
عمران عباس نے صارف کے جواب میں کہا کہ ’میں نے کبھی بھی ایسا نہیں کہا کہ میں ٹک ٹاک کو نا پسند کرتا ہوں بلکہ یہ ایک حیرت انگیز ایپ ہے جہاں لوگ مزاحیہ اور تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کر کے دوسروں کو تفریح فراہم کرتے ہیں۔‘
عمران عباس نے کہا کہ ’یہ تو صرف استعمال کرنے کی بات ہے کہ جو اسے پسند کرنے یا اس کے برعکس بناتا ہے۔‘
اداکار کاکہنا تھا کہ ’میری نظر میں ٹک ٹاکرزکی بہت عزت ہے، مجھے صرف ایک بات پسند نہیں آتی جب لوگ اپنی حد پار کر دیتے ہیں اور فالوورز کو بڑھانے کی خاطر فحش یا غیر مہذب چیزوں کی طرف جاتے ہیں‘۔
عمران عباس نے کہا کہ وہ جلد ہی ٹک ٹاک پر قدم رکھ سکتے ہیں کیونکہ انہیں بے شمار چاہنے والوں کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
اداکار نے اپنے جواب کے آخر میں یہ بھی کہا ہے ٹک ٹاک کو مثبت، تخلیقی اور معنی خیز انداز میں استعمال کریں۔