• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم دوستی اور دشمنی دونوں ہی نبھانا جانتے ہیں، اکرم درانی

اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ ہم دوستی کے قائل ہیں تو دشمنی کے ماہر بھی ہیں۔

بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں اکرم خان درانی نے کہا کہ ہم دوستی اور دشمنی دونوں ہی نبھانا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا ہاتھ عمران خان کی گردن تک پہنچ چکا ہے، صرف دو انگلیوں کا فاصلہ ہے۔


پی ڈی ایم کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج لندن میں ہیں، اُن پر اُن کے خاندان پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں بنوں اور لکی مروت کے عوام کے لیے ترقیاتی پیکیج دیا۔

اکرم خان درانی نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے بنوں ایئرپورٹ کی منظوری دی تھی، جو اس پی ٹی آئی کی حکومت نے ختم کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں صوبے کے جنوبی اضلاع کے لوگوں سے کہوں گا کہ اگر تمہیں اپنی مٹی سے محبت ہے تو پی ٹی آئی میں مت جانا۔

اپوزیشن اتحاد کے مرکزی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بنوں کا جلسہ حکومت کے خاتمے کے لیے آخری ہے، آج کے جلسے میں موجود عوام کی تعداد بتارہی ہے کہ حکومت چلی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کمر توڑ مہنگائی نے عوام اور تاجروں کا جینا حرام کردیا ہے۔

تازہ ترین