پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ائیرپورٹ سے سیدھا ہزارہ برادری کے دھرنے میں جائیں گے۔
کوئٹہ روانگی سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ کی تھا کہ انجن کے نہ چلنے کے سبب ہمیں کراچی سے کوئٹہ جانے والے طیارے سے اتار دیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ میں اب کوئٹہ پہنچنے کے لئے متبادل انتظامات کے حوالے سے کوشاں ہوں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو دہشتگردی سے متاثرہ ان مظلوموں کے مطالبات تسلیم کرنا چاہئیں جو میتوں کے ساتھ پانچ روز سے احتجاج کررہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’ہزارہ کو جینے دو‘ بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ سانحہ مچھ کے خلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا آج پانچویں روز بھی جاری ہے، لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کے ہمراہ دھرنے میں شریک ہیں۔
دھرنے کے شرکاء نے جاں بحق کان کنوں کی میتیں مغربی بائی پاس روڈ پر رکھی ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔