سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے رویے کو فرعونیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ سانحہ مچھ کے لواحقین کو بلیک میلر کہنے والا بیان سن کر میرا دل دہل گیا۔
دورہ کوئٹہ کے بعد کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران مریم نواز نے عمران خان کے آج کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ میرا آج میڈیا سے گفتگو کا کوئی ارادہ نہیں تھا، وزیراعظم کے بیان نے مجبور کردیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی انا اور تکبر مظلوموں کی آہوں سے بڑھ گئی ہے، میں ہزارہ برادری سے التجا کرتی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کو سپرد خاک کردیں، جس انسان سے وہ امید لگائے بیٹھے ہیں، اُس کے سینے میں دل ہی نہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ بتایا جائے کہ وزیراعظم عمران خان کے کوئٹہ نہ آنے کے پیچھے کون سی مصلحت ہے؟ اگر اس کی وجہ توہم پرستی ہے تو وہ بھی بتائی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان بے حس ہیں، اُن کے لیے صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے، وزیراعظم، آپ کا رویہ فرعونیت ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ سانحہ مچھ کے متاثرین اُن سے کچھ نہیں مانگ رہے، صرف وہ کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ہمارے سر پر آکر ہاتھ رکھ دو۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے ہم انہیں تسلی اور دلاسے کے سوا کیا دے سکتے ہیں؟ متاثرین چاہتے ہیں کہ وزیراعظم آئیں اور پھر وہ اپنےپیاروں کی تدفین کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، کچھ متاثرہ خواتین نےکہا کہ اب ان کے گھر میں کوئی مرد نہیں جو جنازوں کو کندھا دے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پوری قوم سوگ کی حالت میں ہے، ہزارہ برادری کے درد کو محسوس کیا ہے، ہزارہ متاثرین سے ملاقات میں جو مناظر کل دیکھے دل دہل گیا ہے، اُن پر قیامت گزری ہے۔