• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن




سانحۂ مچھ میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے ورثاء کے مطالبے پر وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ پہنچ گئے۔

وزیرِاعظم عمران خان کوئٹہ آمد کے بعد وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ پہنچ گئے، وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پولیس دستے نے وزیراعظم عمران خان کو سلامی پیش کی، وزیراعظم سے گورنر بلوچستان امان اللّٰہ یاسین زئی اور وزیرِ اعلیٰ جام کمال خان نے ملاقات کی۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کوئٹہ کے لیے نور خان ایئر بیس سے روانہ ہوئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کوئٹہ میں سانحۂ مچھ میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین سے تعزیت کریں گے۔

دورۂ کوئٹہ کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان ہزارہ برادری کے معززین اور علمائے کرام سے بھی ملاقات کریں گے۔


وزیرِ اعظم عمران خان بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس کے دورانٓ انہیں سانحۂ مچھ سے متعلق بریفنگ بھی دی جائےگی اور اس سے متعلق تحقیقات میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

کوئٹہ میں وزیرِاعظم عمران خان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ایئر پورٹ روڈ سے ملحقہ علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند کرا دیئے گئے ہیں۔

ایئر پورٹ روڈ پر واقع مختلف پیٹرول پمپ بھی بند کرا دیئے گئے ہیں، ایئر پورٹ روڈ کے دونوں اطراف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین