• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن خود ٹھیک ہیں مگر صحبت غلط ہے،حسن نثار

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بلیک میل کا لفظ غلط استعمال کیا لیکن ان کی نیت غلط نہیں تھی انہیں لفظوں کے انتخاب میں احتیاط کرنی چاہئے، مریم نے کوئٹہ جاکر اچھا کام کیا انہیں ماڈل ٹاؤن جاکر اپنے باپ اور چچا کی طرف سے معافی بھی مانگنی چاہئے، مولانا فضل الرحمن خود ٹھیک ہیں مگر ان کی صحبت غلط ہے، یہ بات درست ہے پرویز مشرف کا دور ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے بہتر تھا۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجیعہ نیازی سے گفتگو کررہی تھیں۔

کوئٹہ دھرنا اور عمران خان کے موقف پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنے منصب کے لحاظ سے لفظوں کے انتخاب میں احتیاط کرنی چاہئے

یہ واحد موقع نہیں جب عمران خان نے لفظوں کے استعمال میں مار کھائی ہو، لیڈر کے فیصلے مقبول نہیں منطقی ہونے چاہئیں، لیڈر کو اپنے عوام کی تربیت کرنا ہوتی ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بنیادی طور پر استاد تھے، آپ نے کھانے پینے کے آداب سے لے کر گھر میں داخل ہونے کے آداب تک اور جنگ کے آداب سے لے کر امن کے آداب تک سب کچھ سکھایا۔

مریم نواز کی کوئٹہ آمد پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ مریم نواز ماڈل ٹاؤن جاکرطاہر القادری سے اپنے باپ اور چچا کی طرف سے معافی بھی مانگ لیتیں۔

ٹرمپ کے حامیوں کے کیپٹل پر حملہ پر حسن نثار نے کہا کہ ٹرمپ کے حامیوں کا کانگریس پر دھاوا سپر پاور کا نہیں جمہوریت کا حال ہے، مسلمانوں کے پاس سائنسی ایجاد بھی غیروں کی اور سیاسی و مالیاتی نظام بھی غیروں کا ہے، مسلمانوں کا نظام خلافت کا ہے جو ملوکیت و آمریت وغیرہ کیخلاف ہے، ہماری بدنصیبی یہاں چپڑ قناتیے مغربی جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں،

مغربی جمہوریت نے ہندوستان کو مودی اورا مریکا کو ڈونلڈ ٹرمپ دیا۔فضل الرحمن کے بیان عمران کا وفادار ہمارا غدار ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار کا کہنا تھا کہ مجھے مولانا فضل الرحمن بہت پیارے لگتے ہیں لیکن وہ مجھے اپنی زبردستی صفوں سے نکال رہے ہیں

مولانا فضل الرحمن سے ایک ذاتی گلہ بھی ہے کہ انہوں نے مجھے دو تین دفعہ آنے کی دھمکی دی تھی لیکن تشریف نہیں لائے اگر مل لیتے تو اچھی بات تھی۔

حسن نثار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بالکل درست بات کی ہے کہ اس معاشرے میں ڈھائی سال میں ان کا کوئی اسکینڈل سامنے نہ آنا بڑی بات ہے۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے پرویز مشرف کا دور ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے بہتر تھا، پرویز مشرف کا ان سے موازنہ ہی نہیں بنتا ہے اس وقت معیشت بہت بہتر تھی، لوگ گاڑیاں خرید رہے تھے اب روٹی خریدنے کے قابل نہیں رہ گئے۔

تازہ ترین