سوشل میڈیا پر محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اہلکاروں کے غیر مناسب رویے کی وائرل وڈیو پر ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کو معطل کردیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو فوری معطل کردیا۔
انھوں نے بتایا کہ ایس پی سی ٹی ڈی کو معاملے کی حقائق پر مبنی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ تمام شہری بلا تفریق ہمارے لیے قابل احترام ہیں، آئی جی اسلام آباد کے واضح احکامات ہیں کہ شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیرمناسب رویہ کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس میں احتساب کا عمل جاری ہے کوئی شخص بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔