• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈشیٹ سے متعلق الزامات‘ شہزاد اکبر کا مریم اورنگزیب کو نوٹس

لاہور(ایجنسیاں)براڈ شیٹ سے متعلق الزامات پرمشیراحتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا۔نوٹس میں کہاگیاکہ مریم اونگزیب معافی مانگیں ‘پچاس کروڑ ہرجانہ ادا کریں‘مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں بے بنیاد الزامات لگائے ‘نوٹس میں کہاگیاکہ الزامات سے شہزاد اکبر کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، مریم اورنگزیب نے شہزاد اکبر پر موسوی سے پچاس فیصد کمیشن مانگنے کا الزام لگایا تھا،مریم اورنگزیب 20 لاکھ وکلا کی فیس بھی ادا کریں۔ دریں اثناءبیرسٹرشہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سیاسی اشرافیہ منی لانڈرنگ کے ساتھ ساتھ کرپشن کے لوٹے پیسوں سے اپنا دفاع بھی کرتے رہے، براڈ شیٹ کیس میں سیاسی اشرافیہ ہی بے نقاب ہوئی‘نواز شریف اور مریم نواز براڈ شیٹ کیس عوام میں لا ئے اور ان کی چوری پکڑی گئی‘مریم اورنگزیب و دیگر پارٹی قائدین کو چیلنج اور 72 گھنٹے کا وقت دیتا ہوں کہ وہ انجم ڈار کی طرف سےکاوے موساوی کو کی گئی رشوت کی پیشکش کی تحقیقات کےلئے لندن پولیس کو درخواست دیں‘ان میں ہمت نہیں تو یہ کام میں کرنے جا رہا ہوں،براڈ شیٹ کن لوگوں کی تحقیقات کررہی تھی، اس بارے میں جانیں گے کہ دو سو لوگوں کی لسٹ عمران خان یا شہزاد اکبر نے نہیں دی، یہ ایک معاہدے کے تحت بنائی گئی تھی۔وہ بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ ماضی میں کوئی ڈیل ہوئی یا این آر او ہوا تو پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو فائدہ ہوا،پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں ہے‘ان کا ایک ہی نظریہ لوٹ مار جبکہ ہمارا بیانیہ کرپشن کے خلاف احتساب ہے ،مریم اورنگزیب نے ادھر ادھر کی باتیں کیں اورچلی گئیں، کوئی اعداد و شمار نہیں بتائے،سیاسی اشرافیہ کا اثر و رسوخ تحصیل و ٹائون کی سطح سے شروع ہوتا ہے ‘ ن لیگ نے پانامہ فیصلے سے لے کر مٹھائیاں کھا کھا کر خود کوشوگر کروا لی ہے، انہیںچاہئے کہ وہ پہلے فیصلے پڑھا کریں‘ کیبنٹ کمیٹی شروع سے اب تک کرپشن کی تحقیقات کرے گی ‘مریم اورنگزیب بتائیں براڈ شیٹ کیس میں کس فرم کو ہائر کیاگیا‘براڈ شیٹ کے گن ہم نہیں گا رہے ، ہمارا واضح موقف ہے کہ دو ہزار سے دو ہزار بیس تک کے معاملات سامنے آئیں‘براڈ شیٹ کی تحقیقات میں ایون فیلڈ، نیسکون اور شریف فیملی سمیت پوری پی ڈی ایم کے نام نکلیں گے‘نیب کو مریم نواز دوبارہ تحقیقات کےلئے چاہئے تو وہ خود ضمانت منسوخی کےلئے جائے گا۔

تازہ ترین