• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کا سابق کمشنر کوئٹہ کیخلاف انکوائری کا حکم

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سریاب روڈ کوئٹہ کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر پر سابق کمشنر کوئٹہ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اوستہ محمد روڈ کی تعمیر کو 10 حصوں میں تقسیم کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی انکوائری کا حکم دیا ہے، دونوں انکوائریاں وزیراعلیٰ کی معائنہ ٹیم کرے گی۔

جام کمال نے یہ حکم کوئٹہ ترقیاتی پیکج اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق منصوبے پر پیش رفت پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران دیا ۔

وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل سڑکوں کے تعمیر کے منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، حکومت کے فنڈز اور وقت کا ضیاع کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔

انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکیج کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، منصوبہ بندی و ترقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر موثر میکنزم تیار کرکے مائیکرو لیول مینجمنٹ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

وزیراعلیٰ نے خاص طور سے اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ کوئٹہ پیکج کا جائزہ لینے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے پروجیکٹ کے لئے انڈیپنڈنٹ پروجیکٹ ڈائریکٹرز کی تقرری کے لئے میکنزم وضع کرنے کے لیے آئندہ اجلاس میں سفارشات پیش کی جائیں۔

تازہ ترین