• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملالہ نے 2021 میں 84 کتابیں پڑھنے کا عزم کرلیا

کم عمر نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے 2021 یعنی رواں سال 84 کتابیں پڑھنے کا عزم کرلیا۔

اس ضمن میں ملالہ یوسف زئی نے اپنے تصدی شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے۔


تصویر کے کیپشن میں ملالہ نے سالِ نو کی اپنی قرار داد کے بارے میں انکشاف ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس سال میں 84 کتابیں پڑھنے کا عزم کیا ہے، اگر آپ نے میری طرح سالِ نو کے لیے پڑھنے کی کوئی قرار داد بنائی ہے تو میرے ’لٹریٹری بُک کلب‘ میں شامل ہوجائیں۔‘

ملالہ نے لکھا کہ ’اس کلب میں آپ کو ہر ماہ ایک خصوصی ایڈیشن کی کتاب موصول ہوگی اور اس کے ساتھ ہی میرا ایک نوٹ بھی ملے گا جس میں میری طرف سے یہ بتایا جائے کہ میں نے اس کتاب کا انتخاب کیوں کیا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اس کے علاوہ آپ لٹریٹری ایپ میں ممبروں کے ساتھ دلچسپ گفتگو کا لطف بھی اُٹھا سکیں گے۔‘

ملالہ نے بتایا کہ ’میں اس بُک کلب میں منتخب مصنفین کے ساتھ ویڈیو چیٹ کی میزبانی بھی کرتی ہوں جہاں آپ سوالات پوچھ سکتے ہیں اور کتاب کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’دوسرے قارئین سے مربوط ہونے اور کتابیں پڑھنے کے اپنے مقصد میں کامیاب ہونے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔‘

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997ء کو سوات کے علاقے منگورہ میں پیدا ہوئیں۔

9 اکتوبر 2012 ء کو اسکول سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا،جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں،انہیں علاج کے لئے پہلے پشاور اور بعد ازاں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔

12 جولائی 2013ء کو اپنی سالگرہ کے دن ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا۔

انہیں 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام ملا تھاجبکہ ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔

تازہ ترین