• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹس ایپ طرز کی ’اسمارٹ آفس‘ اپیلیکیشن تیار کرلی، امین الحق

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان نے واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈیا اپیلی کیشن ’اسمارٹ آفس‘ تیار کرلی ہے، نئی ایپ تجربات کے مراحل سے گزر رہی ہے، پہلے مرحلے میں یہ سرکاری افسران و ملازمین اسمارٹ آفس کی ایپ استعمال کریں گے۔

امین الحق نے جیونیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ توقع ہے کہ جون 2021 تک ’اسمارٹ آفس‘ کے نام سے ایپلی کیشن لانچ کردیں گے تاہم یہ آزمائشی بنیادوں پر ہوگی، اسی طرز کی دوسری ایپلیکیشن کسی دوسرے نام سے عام پاکستانی صارفین کے لیے بھی لانچ کریں گے، نئی ایپ کا ڈیٹا، کمیونی کمیشن اور رکارڈ مکمل محفوظ ہوگا۔

امین الحق نے کہا ہے کہ صارفین کے تحفظات پر ’پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل‘ تیار کر لیا گیا ہے جسے قانونی شکل دے کر فوری کابینہ کو بھجوایا جائے گا، نئے بل میں تمام بین الاقوامی قواعد اور سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کو قانونی شکل دینے کے لیے وزارت قانون کو بھجوا رہے ہیں، پرسنل پروٹیکشن بل میں پرائیویسی اور معاشی تسلسل کو برقرار رکھنے کے نکات بھی شامل کر رہے ہیں۔

 امین الحق کا کہنا تھا کہ بل کا واحد مقصد پاکستانی صارفین کا تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، ڈیٹا پروٹیکشن بل کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت و تجاویز شامل کی ہیں، ڈیٹا پروٹیکشن کی پالیسی میں انفرادی صارف بنیادی عنصر ہے، بزنس کنزیومر ابھی شامل نہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا قواعد بھی لاگو کردیئے گئے ہیں، نئے قوانین کےتحت تمام عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں رابطہ آفس قائم کرنے کے پابند ہیں، حکومت عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے جواب کی منتظر ہے۔

تازہ ترین