وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف قومی سطح کی پارٹی ہے، 100 دن کے اندر اندر ایف آئی اے کو ٹھیک کریں گے۔
شیخ رشید نے لاہور میں نادرا دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن صاحب اس ملک کےحال پر رحم کھائیں، میری تاریخ بھری پڑی ہے میں ختم نبوت کاسپاہی ہوں، کون اسرائیل کو مان سکتا ہے؟ اب کیا فضل الرحمن صاحب کواسٹامپ لکھ کر دیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں ان کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہے، 19 تاریخ کو دیکھیں گے وہ اپنےسیاسی آئینی حق کوکس طرح استعمال کرتے ہیں، آئین اور قانون کے تحت آؤ گے تو احترام پاؤ گے، آئین اور قانون کو ہاتھ میں لوگے تو آئین اور قانون آپ کو ہاتھ میں لےگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت سے ہمیں اتنا ڈر نہیں، اگر لوگوں نے مسئلے اٹھائے تو پھر سارے مسئلے اٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ڈیل نہیں ہے،کوئی ڈھیل نہیں ہے ، جیسا کریں گے ویسا بھریں گے،آئین اور قانون کا احترام کریں، یہ پاناما میں کوئی جواب نہیں دےسکے، مجھےلگتا ہے ابھی آٹھ دس دن براڈشیٹ ہی چلنا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایس پی آر میں فرق ہے، جتنے لوگوں نے استعفے لکھ کر دیے وہ کمپیوٹر سے لکھ کر دیے ہیں، کسی نے ہاتھ سے لکھ کر استعفیٰ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاستدان یہ نہیں چاہتا کہ خلفشار، انتشار ہو، درجنوں تنظیموں کےنام بتاسکتاہوں جواپنی اولاد،پوتوں کوقربانی کیلیےآگےرکھتےہیں، مولانا اسی اسمبلی کا الیکشن لڑنے جارہے ہیں جس پر لعنت بھیجتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا الیکشن ہوگا، پنجاب میں ن لیگ اور تحریک انصاف کا الیکشن ہو گا، کوئٹہ میں جو مسئلے حل ہوئے اس میں حکومت اور فوج ایک پیج پر تھے۔