کراچی(ٹی وی ،رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں نہ مانوں کی ضد پر اڑی ہوئی ہے ، قوم سے خطاب میں وزیر اعظم غصے میں نہیں دکھ کا شکار نظر آئے ، عدالتی کمیشن کے قیام پر مختلف جماعتوں کے سخت ردعمل کا جواب دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ اپوزیشن اپنے گول پوسٹ بدلتی رہی ہے ، کبھی ایف آئی اے ، کبھی پارلیمنٹ ، کبھی نیب اور کبھی کمیشن ، لیکن اب جو فیصلہ ہوا ہے اس میں حکومت وہی کچھ کریگی جو ساری اپوزیشن پارٹیز چاہتی ہیں ، نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے کرتے انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے ان کا ایک ہی موقف تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے ما تحت ایک کمیٹی یا کمیشن بنا یا جائے ، حکومت نے وہی کچھ کیا اب کوئی مانے یا نا مانے میں اس کے بارے کچھ نہیں کرسکتا مگر اس سے کم از کم حکومت کا یہ موقف واضح ہوگیا ہے کہ ہمارے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس سامنے آئے اور ہم ہر کمیشن کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں ۔