اسلام آباد(این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل(ر)پرویز مشرف کا2009تک بیرون ملک نہ تو کوئی بینک اکائونٹ تھا اور نہ ہی جائیدادتھی۔2009میں جب پرویز مشرف لندن گئے تو وہاں اپنے ایک دوست کے ہاں قیام کیا۔بعدازاں ان کے مشرق وسطیٰ میں موجود دوستوں نے ان کی مالی معاونت کی جس سے انہوں نے لندن اور د بئی میں فلیٹ خریدا۔جنرل(ر)پرویز مشرف کی باہر کے کسی ملک میں نہ تو کوئی آف شور کمپنی ہے اور نہ ہی آف شور اکائونٹس ہیں۔اگر کسی کو ایسی چیز ملے تو وہ ہم اس کے نام کروادیں گے۔اخبارات میں جو بیرون ملک بینک اکائونٹس ان کے نام سے منسوب کئے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں ان سے جنرل(ر)پرویز مشرف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔جنرل(ر)پرویز مشرف اپنے خلاف من گھڑت الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کار روائی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، انہو ں نے کہا کہ پرویز مشرف ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور انہوں نے تمام عمر ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ایسے شخص کے ساتھ جھوٹ منسوب کرنا افسوسناک ہے۔