• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو نیوز کے کیمرہ مین پر حملہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، شہزاد اکبر

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے جیو نیوز کے کیمرہ مین ناصر مغل پر تشدد کرنے والے افراد کےخلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروا دی۔

شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی جانب سے کیمرہ مین ناصر مغل پر تشدد کیے جانے پر احتجاج کیا گیا جس پر مشیر برائے احتساب و داخلہ نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔

شہزاد اکبر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جیو نیوز کے کیمرہ مین ناصرمغل پر تشدد کرنے والے افراد کےخلاف سخت کاروائی کی جائے گی، مجھے ناصرمغل پر تشدد کی ویڈیو بھیجی گئی جو میں نے آئی جی اسلام آباد کو بھیج دی ہے۔

احاطہ عدالت میں فرائض کی ادائیگی کرتے جیو نیوز کے کیمرہ مین پر قتل کے ملزمان کی جانب سے کی گئی اس غنڈہ گردی پر سیکیورٹی اہلکار بے بسی کی تصویر بنے رہے، ڈیوٹی پر معمور پولیس خاموشی سے دیکھتی رہی، ملزمان کو روکنا تو درکنار ، مزاحمت تک نہ کی گئی۔

ملزمان نے کیمرہ مین ناصر مغل کے کپڑے پھاڑ دیے، تشدد کے نتیجے میں کیمرہ مین کے منہ سے خون بہنے لگا، دانت ٹوٹ گئے اور جسم کے مختلف حصوں پرشدید چوٹیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کی کوریج کے دوران ملزمان نے جیو نیوز کے کیمرہ مین ناصر مغل پر حملہ کیا، ہتھکڑی لگے ملزمان اور ان کے وکلاء پولیس کے سامنے جیو نیوز کے کیمرہ مین پر ٹوٹ پڑے، موبائل چھینا، ہتھکڑیوں سے ان کے منہ پر وار کیا۔

دوسری جانب جیو نیوز کے کیمرہ مین پر ملزمان کی جانب سے تشدد کے خلاف درخواست انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج کے پاس جمع کروا دی گئی، واقعے کی ایف آئی آر کے لیے درخواست تھانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا وقوعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اسلام آباد کی صحافتی تنظیموں نے مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کا پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے وقت تحفظ یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین