• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، کورونا ویکسین لگائے جانے کے بعد موت پر اہل خانہ برہم

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد میں 46 سالہ مریض کی مبینہ موت پر اہل خانہ ویکسین کو موردِ الزام ٹھہرا رہے ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مریض کی موت حرکتِ قلب بند ہونے سے ہوئی، موت کا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اہل خانہ کا الزام ہے کہ انجکشن کے بعد ہی مذکورہ مریض کی طبیعت خراب ہوئی تھی۔

مراد آباد کے اسپتال میں وارڈ بوائے کی ڈیوٹی کرنے والے مہیپال سنگھ کو 16 جنوری کو ضلعی اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیکہ لگایا گیا تھا۔

 مہیپال سنگھ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے کے بعد گھر آکر ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔

طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کروایا  لیکن وہ کل ضلع اسپتال میں دم توڑ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وارڈ بوائے مہیپال سنگھ کے بیٹے کا کہنا ہے کہ مجھے اس موت کی وجہ یہ ویکسین ہی لگ رہی ہے اور جو بھی لوگ یہ انجکشن لگوا رہے ہیں میں ان لوگوں کو اس کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔


مہیپال کے ایک اور رشتہ دار نے کہا کہ ان کی موت کورونا ویکسین کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پہلے حالت اتنی خراب نہیں تھی، ویکسین لگانے کے بعد حالت مزید بگڑی۔

 ان کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ کو تسلی دینے کیلئے آنے والے مراد آباد کے چیف میڈیکل آفیسر ایس سی گرگ نے کہا کہ مہیپال سنگھ کا سینہ جکڑا ہوا تھا اور انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا تاہم موت کا ویکسین کا کوئی تعلق نہیں۔

تازہ ترین