• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوبائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کس نے کی؟

امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد خان نے پاکستان کی نمائندگی کی اور اسے اپنے لیے ایک اعزاز کہا۔


سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کیپیٹل ہِل کے سامنے بنائی گئیں تصاویر شیئر کیں اور تقریبِ حلف برداری کے حوالے سے بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ’کیپیٹل ہِل میں امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔‘

اسد خان  نے یہ بھی کہا کہ تاریخی اور روایات سے بھرپور تقریب کا مشاہدہ کرنا قابلِ فخر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جوبائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا اور وہ امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔

امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے جوبائیڈن سے عہدے کا حلف لیا اور یوں انہوں نے باقاعدہ طور پر منصب سنبھال لیا ہے۔

سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے پہلے ہی وائٹ ہاؤس چھوڑ کر چلے گئے، وہ 150 سالہ امریکی تاریخ میں پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے نئے آنے والے صدرکی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔

تازہ ترین