• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاسٹ بولر رومان رئیس انجری کی وجہ سے بطور پلیئر پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن سے آؤٹ ہوگئے ہیں تاہم وہ ٹورنامنٹ کے دوران ایک نئے روپ میں اسلام آباد یونائٹڈ کے ڈگ آوٹ پر نظر آئیں گے۔

دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ رومان رئیس پی ایس ایل 6 میں ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ہوں گے۔

رومان رئیس پہلے ایڈیشن سے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کا حصہ رہے ہیں، ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق یونائٹڈ کپتان اس بار ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کے ساتھ ٹیم کے بولرز کی صلاحیت کو بہتر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔


ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بطور بولنگ کنسلٹنٹ رومان رئیس کا انتخاب مختلف پلیئرز کے انٹرویوز کے بعد کیا گیا ہے، ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کہتے ہیں کہ ٹیم کی حکمت عملی کے مطابق ہی رومان کو ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ بنایا گیا ہے کیونکہ وہ دور حاضر کی کرکٹ کے اتار چڑھاؤ سے بخوبی واقف ہیں۔

رومان رئیس کا کہنا ہے کہ انہیں جب پہلے بولنگ کنسلٹنٹ کے رول کے لئے کہا گیا تو کافی حیرت ہوئی تاہم یہ پوزیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے، وہ بطور بولنگ کنسلٹنٹ ٹیم کے بولرز کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کے انٹرنیشنل فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائٹڈ نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا اور اب وقت ہے کہ وہ اسلام آباد کے لئے کچھ کردکھائیں۔

تازہ ترین