• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں ہتھیار رکھنے کے حامیوں کی ریلی

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) مریکا میں نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے لئے سخت سیکورٹی انتظامات کے باوجود واشنگٹن کے قریب ہتھیار رکھنے کے حقوق کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ ریلی حلف برداری کی تقریب سے 2 دن قبل پیر کے روز ریاست ورجینیا میں نکالی گئی۔ ریاستی دارالحکومت رچمنڈ میں مسلح سرگرم افراد جمع ہوئے، جنہوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے اور ہتھیار رکھنے سے متعلق اپنے حقوق کا تحفظ کرنے کی حمایت میں نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی شامل تھے، جنہوں نے ان کے نام والے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ یہ ریلی پُرامن تھی۔ امریکا میں اسلحہ کے حقوق ایک متنازع معاملہ ہے۔ جو بائیڈن نے زیادہ سخت کنٹرول کے اقدامات پر زور دیا ہے، جن میں آتشیں اسلحہ کی آن لان فروخت پر پابندی لگانا شامل ہے، لیکن ایسے بہت سے لوگ ہیں، جو ان حقوق کے تحفظ سے متعلق صدر ٹرمپ کی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ ریلی ایک ایسے وقت میں نکالی گئی ہے، جب آج بدھ کے روز امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن ملک کے چھیالیسویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی 4 سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گے۔ نئے صدر کے استقبال کے لیے وائٹ ہاؤس میں بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی اہل کاروں کی اضافی نفری تعینات ہے۔ وائٹ ہاؤس کے کئی مقامات کو خاردار تاریں لگا کر بند بھی کر دیا گیا ہے۔ نو منتخب صدر کی حلف برداری کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین