• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کیس بتا رہا ہے حکمرانوں کو اسرائیل و بھارت سے پیسہ ملا، فضل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کیس بتا رہا ہے حکمرانوں کو اسرائیل و بھارت سے پیسہ ملا، فضل الرحمٰن


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس بتارہا ہے کہ حکمرانوں کو اسرائیل و بھارت سے پیسہ ملا ہے۔

صیہونی ریاست تسلیم کرنے والاغدار ہوگا ، ہم کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے ، مولوی ہوں یا نہیں اس کا فیصلہ عالم کو کرنا ہوگا،5؍ فروری کو راولپنڈی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مزار قائد سے متصل شاہراہ پر جمعیت علمائے اسلام ف کے تحت منعقد اسرائیل نامنظور ملین مارچ سے خطاب میں کیا۔مولانا فضل الرحمٰن نے مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور حماس کےقائد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے مفتی اعظم اور مسجد اقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ نے کہا کہ مسجد اقصی قبلہ اول ہے قبلہ اول کے حوالے سے پاکستانی عوام کی محبت اور جذبہ اور جدوجہد کی قابل احترام ہے۔ 

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین سینیٹر عبدالغفور حیدری ،جے یو پی کے شاہ اویس نورانی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی۔

پیپلز پارٹی کے سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پر چار جانب سے حملہ کیا جارہا ہے ، پاکستان پر مسلط موجودہ حکومت اسرائیل کی فرنچائز حکومت ہے، دنیا میں جہاں مسلمان آزادی کی جنگ کررہے ہیں پیغام ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ 

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ پاکستانی قوم خون کے آخری قطرے تک آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔جب تک فلسطین اور مسجد اقصی کو یہودیوں کے پنجے سے آزادی نہیں ملتی پاکستان اور دنیا کا کوئی مسلمان خاموش نہیں بیٹھے گا۔تاحد نظر انسانی سروں کا سمندر 22 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کررہا ہے۔

یہ اجتماع امت مسلمہ کی بھی نمائندگی کررہا ہے۔بانی پاکستان نے کہا تھا کہ اسرائیل نے مسلمانوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے ہم کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے غدار ہیں تو اسرائیل کو تسلیم کریں گے اگر پاکستان کے وفا دار ہے تو اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، فارن فنڈنگ کیس میں بتایا ہے کہ عمران خان کو الیکشن کے لیے پیسہ دو دشمن ملکوں سے آیا۔اسرائیلیوں نے بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالا ۔

جو میں نے کہا کہ عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے وہ آج سچ ثابت ہورہا ہے۔جو کچھ کرلو میری آواز کرہ ارض کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہے۔ عمران خان کو وزیر اعظم کہنا جرم ہے۔ 5؍ فروری کو کشمیریوں کے ساتھ راولپنڈی میں اظہار یکجہتی کریں گے۔

پانچ فروری کے بعد کراچی سے حیدرآباد جائیں گےکارکن اتنی گرمجوشی پیدا کریں کہ یہ حکمران اس کے شعلوں میں بھسم ہوجائیں ۔بڑا اعتراض ہے کہ مدرسہ کے طلبا جلسوں میں کیوں آتے ہیں۔

طلباء عاقل و بالغ ہیںجب تک کالج میں پڑھتے تھے تو مظاہروں میں شریک نہیں ہوتے تھے ،طلباء اس ملک کے شہری ہیں۔ملک پر کڑا وقت آیا تو یہ طلبا مورچوں میں جاکر ملک کا دفاع کریں گے۔ملک سے وفاداری کوئی ہم سے سیکھے۔

فلسطین کے مفتی اعظم اور مسجد اقصی کے خطیب شیخ عکرمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع آپ کی قبلہ اول سے محبت کی دلیل ہے ،قبلہ اول کے حوالے سے پاکستانی عوام کی محبت اور جذبہ اور جدوجہد کی احترام کرتاہوں ، انتظامیہ اور اس کے محافظوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں کو کراچی سے پیغام دیا کہ اسرائیل نامنظور، فارن فنڈنگ کیس میں اسرائیل اور انڈیا نے الیکشن جیتنے کے لیے فنڈ دیاامریکا ان کا سرپرست ہے۔ عمران خان اسرائیل کے ایجنٹ ہیں۔

اویس نورانی نے کہا کہ ملک میں عقیدہ ختم نبوت سے لے کر تہذیب پر ہونے والے تمام حملوں کے تانے بانے تل ابیب سے ملتے ہیں ۔

تازہ ترین