امریکا کے 46 ویں صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کی تقریب حلف برداری کی تقریب 20 جنوری کو ہوئی، امریکا کے اس تاریخی دن امریکی خاتون اول اور نائب صدر کملا ہیرس دیدہ زیب لباس میں نظر آئیں۔
خاتون اول جِل بائیڈن نیلے کے شیڈ میں جبکہ کملا ہیرس نے اپنی زندگی کے اس بڑے دن جامنی رنگ کا انتخاب کیا۔
تقریبِ حلف برداری کے لیے امریکا کی پہلی خاتون، سیاہ فام اور ایشیائی نژاد امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے نیویارک سے تعلق رکھنے والے سیاہ فام ڈیزائنرز جون روگرز کےتیار کردہ لباس کا انتخاب کیا۔
جون روگرز نے انسٹاگرام پر کملا ہیرس کی متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے لکھا کہ شکریہ نائب صدر، ہم اس تاریخی لمحے میں ایک مختصر کردار ادا کرنے پر خوش ہیں اور یہ ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں خاتون اول ڈاکٹر جِل بائیڈن نے ہلکے بلیو شیڈ کا لباس اور اوور کوٹ پہنا۔
ڈاکٹر جِل بائیڈن کا لباس مارکارین کی ڈیزائنر الیگزینڈرا او نیل نے تیار کیا تھا۔ خاتون اول کے لباس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ان کے لباس کے رنگ کا سلک فیس ماسک بھی تھا۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’امریکی تاریخ کے اس بڑے دن اپنا چھوٹا سا حصہ ڈالنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔‘
ڈیزائنر نے اس بڑے دن اسی رنگ کے انتخاب پر کہا کہ یہ رنگ اعتماد، بھروسے اور استحکام کو نمایاں کرنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔