• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ:20 روز میں 248 افراد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے


سندھ میں جنوری کے 20 روز میں 248 افراد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے، مجموعی طور پر وائرس کے مثبت آنے کی شرح 15.76 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس لوگوں کو اپنا نشانہ بنارہا ہے محکمہ صحت سندھ کے اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں جنوری کے 20 روز میں 248 افراد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

محکمہ صحت کے مطابق 90 افراد گھروں میں 158 نجی اور سرکاری اسپتال میں جان کی باز ی ہار گئے، انتقال کرنے والوں میں 95 فیصد افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

مجموعی طور پروائرس کے مثبت آنے کی شرح 15.76 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، ڈاؤ یونی ورسٹی کی لیب کے سربراہ پروفیسر سعید خان کہتے ہیں کہ آئے دن ریلیوں، جلسے جلسوں سے وباء تیزی سے پھیل رہی ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مقامات پر ایس او پیز کا نفاذ کرائے لیکن ایسا ہوتا ہوا کم نظر آرہا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کہتے ہیں کہ جہاں جتنی آبادی ہے وہاں اس حساب سے کیسز آرہے ہیں، ویکسین کے سلسلے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

ماہرین صحت عوام سے اپیل کررہے ہیں کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ماسک ضرورپہنیں کیونکہ ویکسین آنے تک یہی ویکسین ہے۔

تازہ ترین