• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی اور داماد کو طلب کرلیا

پشاور(ارشد عزیز ملک ) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوانے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰنکے چھوٹے بھائی ضیاء الرحمٰن کو غیرقانونی طورپر پروانشل مینجمنٹ سروس میںشامل ہونےپر تحقیقات کے لئے منگل کو طلب کرلیا ہے ۔اسی طرح سابق چیف سکریٹری صاحبزادہ ریاض نور ، سابق سکریٹری اسٹیبلشمنٹ صاحب جان ، سابق سکریٹری گورنر احمد حنیف اورکزئی کو اسی کیس میں 27 اور 28 جنوری 2021کو طلب کیا گیا ہے۔نیب نوٹس کے مطابق ضیا ء الرحمن کو 26جنوری کو نیب پشاور کے دفتر میں متعلقہ دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق افغان کمشنریٹ کے حوالے سے ایک کیس کی انکوائری کے دوران انکشاف ہوا کہ سابق کمشنر افغان مہاجرین کی صوبائی سروس میں تعیناتی غیرقانونی طورپر ہوئی جو قوانین کی صریحا خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔نیب نے اثاثہ جات کیس میں مولانا فضل الرحمن کے داماد فیاض علی کو بھی 28جنوری کو طلب کرلیا ہے انھیں تمام دستاویزات کے ساتھ آنے کی ہدایت کی گئی ہےاسٹیبلشمنٹ قوانین کے مطابق صوبائی انتظامی سروس میں شمولیت کے لئے امتحان پاس کرنا لازمی ہے تاہم ضیا الرحمٰن کو قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے 2007 میں غیر قانونی طور پر صوبائی سروس میں شامل کیا گیا تھا۔

تازہ ترین