• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال میں ٹرانسمیشن لائنز اور بجلی کے مسائل جلد  حل کریں گے، وزیر زادہ

پشاور(جنگ نیوز) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ ضلع چترال میں ٹرانسمیشن لائنز اور بجلی کے دیگرمسائل بہت جلد حل کرینگے، معاون خصوصی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر ضلع چترال میں بجلی کے مسائل کے حل کے بارے میں پیسکو چیف سے ایک اجلاس کے دوران تفصیلی بات چیت کی ہے۔ اجلاس میں ضلع چترال سے تحریک انصاف کے رہنما عبدالطیف بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ضلع چترال میں بجلی کے مسائل حل کرنے کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس پر ہم وفاقی وزیر برائے بجلی و توانائی عمر ایوب کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس پراجیکٹ سے ضلع چترال میں ارندو، عشریت، برووز، ایون، گہریت، ارسون، کیسو، وغیرہ میں بجلی کے درپیش مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہونگے۔ ان علاقوں کو گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی ترسیل شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں معاون خصوصی نے ہدایت دی ہے کہ ضلع چترال کے بروز علاقے کو اپریل تک بجلی کی ترسیل ممکن بنائی جائے۔ اس کے علاؤہ اپر چترال میں کم وولٹیج کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے گولن گول کے مقام پر خصوصی ٹرانسفرمر نصب کیا جائے گا، جس سے کم وولٹیج کے مسئلے پر مستقل قابو پا لیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضلع چترال میں ٹرانسفرمر کی مرمت کے مسائل کے حل کے لیے علیحدہ ورکشاپ کھول دئیے جائینگے۔ ورکشاپ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر سے استفادہ کیا جائے گا۔ وزیر زادہ نے کہا ہے کہ ضلع چترال کے تمام علاقوں میں ٹرانسمیشن لائینز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے، ٹرانسمیشن لائینز کی بحالی سے ضلع چترال میں بجلی کی ترسیل مزید بہتر ہو جائے گی، اور عوام کو بجلی کے حوالے سے کافی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں بذات خود ان تمام کاموں کی نگرانی کرونگا۔ ان کاموں کے پیشرفت کے حوالے سے باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور کارکردگی رپورٹ وفاقی اور صوبائی حکومت کو بھجوائی جائے گی۔ وزیر زادہ نے مزید کہا ہے کہ ضلع چترال کے عوام بھی بجلی کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت واحد حکومت ہے جس نے پسماندہ اضلاع کو ترقی دینے کے لئے تمام تر ممکن کوششیں کی ہے، اور پسماندہ اضلاع دوسرے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لائے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین