• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان: ڈاکٹر کی بیٹی کو قتل کے بعد خودکشی، مقدمہ درج

ملتان کی جسٹس حمید کالونی میں ڈاکٹر کی جانب سے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمہ خودکشی کرنے والے ڈاکٹر اظہر حسین کی بیوہ بشریٰ بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایس ایچ او بشیر ہراج کے مطابق مقدمہ قتل اور اقدامِ خودکشی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

بیوہ کے بیان کے مطابق ڈاکٹر اظہر حسین کورونا وائرس کی بیماری کی وجہ سے کئی ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھے۔

ڈاکٹر اظہر کی بیوہ کا کہنا ہے کہ مقتولہ بیٹی علیزہ دوسرے کمرے میں ایف سی پی ایس کے ٹیسٹ کی تیاری کر رہی تھی کہ اچانک گولی چلنے کی آواز آئی اور بیٹی کو خون میں لت پت دیکھا۔

بیوہ کا بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ زخمی بیٹی کو نشتر اسپتال لے گئے لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی جس کے بعد ڈاکٹر اظہر حسین نے خود کو کمرے میں بند کر لیا اور پھر خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔


افسوسناک واقعہ گزشتہ روز صبح 11بجے پیش آیا، جس کے مطابق معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین جسٹس ملتان کی حمید کالونی میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ذاتی کوٹھی میں مقیم تھے، انہوں نے کوٹھی کے نچلے پورشن میں کلینک بنا رکھا تھا۔

ڈاکٹر علیزہ حیدر ان کی اکلوتی بیٹی تھیں جو شادی کے بعد اپنے خاوند ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ بوسن روڈ پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ کالونی میں رہائش پذیر تھیں، ان کی 5 سال اور 3 سال کی 2 بیٹیاں جبکہ 1 سال کا 1 بیٹا تھا۔

تازہ ترین