پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، جس کے باعث یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 927 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 43 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 737 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 247 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 818 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 403 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 76 لاکھ 2 ہزار 380 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 35 ہزار 63 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 283 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 84 ہزار 508 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 39 ہزار 935 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 875 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 52 ہزار 925 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 537 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 64 ہزار 945 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 826 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 40 ہزار 629 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 463 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 715 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 192 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 770 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 252 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 899 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 102 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔