وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تجویز کو قانونی قرار دے دیا۔
پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سمجھ دار اور بالغ ہوگئے ہیں، عدم اعتماد ہی آئینی اور قانونی طریقہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلاول نے ٹھیک کہا ہے کہ جلسے، جلسوسوں سے کوئی نتیجہ نہیں نکلتا، پی ڈی ایم کو پرامن لانگ مارچ کی اجازت ہے۔
وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی مزید ایک سیٹ بڑھ جائے گی، عمران خان سے کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹ رہا۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
شیخ رشید نے مزید کہاکہ ساری جماعتیں فارن فنڈنگ کیس میں آگئی ہیں، ن لیگ ججوں اور اداروں کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ اچھا ہے اپوزیشن نے پارلیمنٹ سے استعفوں کا معاملہ چھوڑ دیا، فضل الرحمٰن نے پاکستانی قوم کا بڑا وقت خراب کیا۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہاکہ فضل الرحمٰن نے کشمیر کے نام پر قوم کا وقت خراب کیا، جے یو آئی سربراہ پرویز مشرف کے ساتھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مدرسوں کے طلبہ نے الیکشن کمیشن پر احتجاج کے موقع پر سمجھ داری کا ثبوت دیا۔