پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے اگلی چار سالہ مدت کیلئے صدر اور جوائنٹ سیکرٹریز کے انتخابات اتوار (24 جنوری) کو لاہور میں ہوں گے۔
فیڈریشن کے چیئرمین اور سیکرٹری بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ صدر کیلئے خالد محمود چوہدری اور جہانگیر ریاض کے درمیان مقابلہ جبکہ جوائنٹ سیکرٹریز کی مرد اور ویمن سیٹ پر انتخاب ہوگا۔
پی بی ایف کے بلامقابلہ سیکرٹری ناصر تنگ کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور سیکرٹری سمیت کئی عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ صدر اور جوائنٹ سیکرٹریز کی دو نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
باکسنگ فیڈریشن کے دوسرے گروپ کے سیکرٹری جنرل اکرم خان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ریاض بلامقابلہ صدر منتخب ہوچکے ہیں۔ ہمارا گروپ جہانگیر ریاض کی بھرپور حمایت کرتا ہے، ہم جہانگیر ریاض کے ساتھ پی بی ایف کے جنرل کونسل کے اجلاس میں جائیں گے اور اگر ہمیں اجلاس میں بیٹھنے دیا گیا تو ٹھیک ہے ورنہ ہم باکسنگ کے اوریجنل لوگوں کا اجلاس بلاکر اپنا انتخاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ پورے پاکستان گلگت بلستان، آزاد جموں و کشمیر، کے پی کے، اسلام آباد، سندھ، پنجاب بلوچستان کی باکسنگ کے حقیقی نمائندے شامل ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن باکسنگ کے غیرقانونی انتخابات کرا رہی ہے ہم اسے قطعی تسلیم نہیں کرتے۔
خالد محمود چوہدری کو پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن نے نکال دیا ہے، وہ کسی بھی صورت میں باکسنگ کے صدر کا الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں، ہم پی او اے کی اس انتخاب میں مداخلت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔