• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹ چوروں کو چین سے نہیں بیٹھنے دینگے، فضل الرحمٰن، مریم نواز


لاہور، پشاور (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے کہاہے کہ ووٹ چوروں کو چین سے نہیں بیٹھنے دینگے،جلسے دیکھ کرحکومت کے ہوش اڑگئے،نظام میں تبدیلی لانا ہوگی تاکہ مرضی کے نتائج نہ بنائے جاسکیں۔ 

نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نوازکاکہناتھاکہ نااہلوں کی سزاپاکستان بھگت رہا ہے، پہلے پائلٹس کورسواکروایااب ائیرلائن کو ، ملک کاتماشا بن گیا۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ جعلی حکمران جو مرضی کرلیں، ووٹ چوری کرنے والوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تاریخی جلسے دیکھ کر حکومت کے ہوش اڑچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئے، نظام میں تبدیلی لانا ہوگی تاکہ مرضی کے نتائج نہ بنائے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پوری یکسوئی کے ساتھ تمام جماعتیں آگے بڑھ رہی ہیں۔ 

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تابعداری، تاریخی نااہلی اور نالائقی کی سزا پاکستان بھگت رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے ملازمین کو پی آئی اے کے طیاروں میں سفر نہ کرنے کے احکامات پر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ پربیان میں کہا کہ تابعداری، تاریخی نااہلی اور نالائقی کی سزا پاکستان بھگت رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اناڑیوں کے کھیل تماشے کی وجہ سے ملک کو دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

نائب صدر مسلم لیگ نے کہا کہ پہلے دنیا بھر میں پی آئی اے کے پائلٹس کو رسوا کروایا اور اب ائیر لائن کو اس مقام پر لے آئے ہیں، پاکستان نے ایسے دن کبھی نہیں دیکھے۔

تازہ ترین