سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) یونین کونسل بھڈال سیالکوٹ سے چھ کلو میٹر کے فاصلے پر ایمن آباد روڈ پر واقع ہے جو کاروباری اور صنعتی لحاظ سے مرکزی حیثیت کا حامل ہے تاہم یہاں تعلیم کی سہولیات کا فقدان ہے اور یہاں لڑکیوں کے لئے صرف ایک سکول گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول بھڈال ہے جسے1974میں اپ گریڈ کر کے مڈل سکول کا درجہ دیا گیا اور اب تک مذکورہ یونین کونسل کی طالبات صرف مڈل تک تعلیم حاصل کرسکتی ہیں اور اسکے بعد زیادہ تر والدین اپنی بچیوں کو دور دراز سکول بھیجنے سے گھبراتے ہیں اور یوں طالبات اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتی۔ علاقہ مکینوں نے اپنے اس اہم مسئلہ کی جانب مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب منشا اللہ بٹ سمیت دیگر عوامی نمائندگان کی توجہ دلائی گئی۔ جنہوں نے سکول کی اپ گریڈیشن کا وعدہ کیا جو آج تک وفا نہیں ہوسکا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے سکول کو ہائر سیکنڈری بنانے پروزور مطالبہ تاکہ طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر کامیاب زندگی بسر کرسکیں۔