• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن جماعت ن لیگ کا سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس ہوا، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے اہم پیغام کی روشنی میں بڑے فیصلے کرلیے گئے۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سینیٹر راجا ظفر الحق، رانا ثناء اللّٰہ سمیت ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہاکہ ہم پارلیمان میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔

اس دوران انہوں نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا پیغام ارکان پارلیمان تک پہنچایا، ن لیگی ارکان پارلیمان نے نوازشریف کے بیانیے سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔

ن لیگی نائب صدر نے ارکان پارلیمان کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا اور کہا کہ ن لیگ سینیٹ الیکشن میں بھرپور انداز سے حصہ لے گی۔

انہوں نےکہاکہ راتوں رات پارٹیاں بنانے اور وفاداریاں بدلنے کا وقت گزر گیا، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

مریم نواز نے ارکان پارلیمان کو ہدایت کی کہ وہ ایوان میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں اور حکومت کو قومی اور عوامی ایشوز پر ٹف ٹائم دیں۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت سے اب کوئی بات نہیں ہو سکتی، اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی جو تمام ہی جماعتیں تسلیم کریں گی۔

تازہ ترین