ناروے کے سفارت کار اور اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایرک سؤل ہائم وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے معترف دکھائی دے رہے ہیں۔
انیوں نے اپنے حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں پاکستان میں حقیقی تبدیلی کی تعریف کی اور لکھا کہ ’ پاکستان نے کمال کردیا، پاکستان کے بلین ٹری منصوبے کے 6 سالوں میں حقیقی تبدیلی آنا شروع ہوگئی ہے۔‘
ایرک سؤل ہائم نے ٹوئٹر پر خلا سے لی گئی پاکستان کی 2014 اور 2020 کی ایک تصویر شیئر کی۔
شیئر کی گئی تصویر میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ 2014 میں لی گئی تصویر میں بنجر زمین پر چھوٹے چھوٹے ہرے ہرے پودوں کے نشانات نظر آرہے تھے، جبکہ 2020 کی تصویر میں میں تقریبا پورا علاقہ ہرابھرا ہوچکا ہے اور زمین کسی جنگل کا منظر پیش کرتی دکھائی دے رہی ہے۔
اس سے قبل پاکستان آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے والا اور 10 سال پہلے ہی اہداف حاصل کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا اور ایک اہم سنگ میل عبور کیا تھا۔
عمران خان نے بھی اس اہم سنگ میل پر ٹوئٹ کیا تھا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے آلودگی کے تدارک اور ماحولیاتی تغیر کے مہلک اثرات سے بچاؤ کے پیشِ نظر پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے لئے کی جانے والی اپنی کاوشوں پر فخر ہے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے 22 جنوری کو عالمی اقتصادی فورم میں خصوصی خطاب کیا تھا اور ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو اجاگر کیا تھا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر وزیر اعظم کی عالمی سطح پر خوب پزیرائی ہوئی تھی۔