• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ ڈائری، مریم نواز کے دورے کی گونج فضاؤں میں موجود

اسلام آباد(محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار)پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز شریف کے پارلیمنٹ ہائوس کے دیروزہ دورے کی گونج دوسرے دن بھی پارلیمانی فضائوں میں موجود رہی اور وفاقی وزراء سےبھی نہ رہا جا سکا ان میں سے بعض وزراء کی مختلف موضوعات پر تقاریر کے دوران اس کی بازگشت سنائی دیتی رہی یہ ارکان کی نجی کارروائی کا دن تھا

جس میں ارکان انفرادی قانونی سازی اور بحث و تمحیص کے موضوعات کو زیر غور لاتے ہیں

وزیراعظم بلحاظ منصب پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے قائد ہوتے ہیں وہ ان میں رونق افروز ہونے سے بدستور گریزاں ہیں وہ ایوان کی کارروائی کا ملحقہ عمارت میں بیٹھ کر جائزہ لیتے ہیں اور اپنے وزراء کو حزب اختلاف کی گوشمالی پر مامور کرتے ہیں اور یہ وزراء جن میں خارجہ امور سے لیکر سائنسی ٹیکنالوجی داخلہ مواصلات اور دیگر قلمدانوں کے حامل وزراء شامل ہیں اپنی وزارت سے متعلقہ امور پر گفتگو کی بجائے ہر وقت حزب اختلاف کی قیادت کو برا بھلا کہنے اور انہیں دشنام طرازی کا ہدف بنانے میں مصروف رہتے ہیں این آر او کا ھیولا جس کا سرے سے کوئی وجود بھی نہیں، حکومتی امرت دھارا بن کر رہ گیا ہے۔

مسندنشین ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس تین دن کے لئے ملتوی کر دیا یہ التواء خود اس امر کا ثبوت تھا کہ حکومت ایوانوں کا سامنا کرنے کی بجائے فرار کی راہ پر گامزن ہے

مریم نواز شریف کی پارلیمنٹ ہائوس میں موجودگی پر اغراض ملاحظہ ہو کہ عوام کی بھاری تائید سے منتخبہ ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کی صدارت ایک غیر منتخبہ شخصیت کر رہی تھی،مریم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کی تھی یا نہیں واضح رہے کہ اسپیکر سیکریٹریٹ نے مریم نواز شریف کے پارلیمنٹ ہائوس میں آنے اور کمیٹی روم کے اجلاس میں شرکت پر بھی اعتراض وارد کر دیا تھا

جس پر حزب اختلاف کے رہنمائوں کو کہنا پڑا کہ اگر مریم نواز کی آمد کے حوالے سے رخنہ اندازی کی گئی تو پھر وزیراعظم یا اسپیکر کا بھی کوئی مہمان پارلیمنٹ ہائوس میں قدم نہیں رکھ سکے گا جس کے بعد یہ اعتراض ختم کیا گیا۔

تازہ ترین