• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ پاکستان اور کئی ممالک میں ’’یوم سیاہ ‘‘ کے طور پر منایا گیا

بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ پاکستان اور کئی ممالک میں ’’یوم سیاہ ‘‘ کے طور پر منایا گیا


اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو مقبوضہ جموں کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں جہاں کشمیری آباد ہیں، 

’’یوم سیاہ ‘‘کے طور پر منایا گیا، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے مکمل ہڑتال کی۔

 بھارتی تسلط کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا گیا،

اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے جبکہ مختلف علاقوں میں مظاہرین نے پاکستانی پرچم بھی لہرادیے، سرینگر کی جامع مسجد کے مرکزی دروازے پر نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچم لہرادیا، اس موقع پر سرینگر سمیت مختلف شہروں کو فوجی چھائونی میںتبدیل کردیا گیا تھا، دوسری جانب ۔ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ 

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیراور پاکستان شاخ کی قیادت میں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرہ میں حریت قیاد ت کے علاوہ آزاد کشمیرکی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور دوسرے قائدین نے شرکت کی۔

 احتجاجی مظاہرے میں قائدین نے کہا کہ جمہوریت عوام کی رائے کے احترام کا نام ہے، بھارت نے ہمیشہ عوامی رائے کو مسمار کیا ہے۔ قائدین نے کہا کہ بھارت کو یوم جمہوریت منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، بھارت پچھلے 73سالوں سے کشمیریوں پر ظلم وجبرکرتا آرہا ہے۔ 

قائدین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ظلم وجبر اور دوران حراست ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور یہ نہ سمجھے کہ طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو وہ دبا سکے گا۔

تازہ ترین