اسلام آباد(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس کے شکایت کنندہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو بطورگواہ بلانے کی درخواست مسترد کردی۔ منگل کو سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے نیب کے گواہ حسان بھٹی پر جرح شروع کی اورگواہ کی جانب سے پیش کئے گئے خطوط پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہاکہ آپ کو پتہ ہی نہیں دستاویزات پر دستخط کس کے ہیں وہ بھی نیب کو دے دیئے، گواہ نے کہاکہ یہ درست ہے کہ میں زاتی طور پر خطوط پر دستخط کرنے والے افسران کو نہیں جانتا ،وکیل صفائی نے استفسار کیاکہ آپ کو کسی نے خط لکھا تھا، فون کیا تھا تا واٹس ایپ کیا تھا کہ یہ دستاویزات دیں،جس پر گواہ نے کہاکہ خطوط ریکارڈ کے طور پر حکام کی منظوری سے ہی نیب کو فراہم کئے تھے، ایل این جی کیس میں وعدہ معاف گواہ مبین صولت کی جانب سے لکھے خطوط بھی عدالت میں پیش کرتے ہوئے گواہ نے کہاکہ مبین صولت ایم ڈی انٹرسٹیٹ گیس اور ایل این جی کور آرڈینیٹر رہ چکے۔