اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تحریک کے 70 فیصد مقاصد حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد متفق ہے، پی ڈی ایم کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والے غفلت کی نیند سو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کی تحریک نے اپنے 70 فیصد مقاصد پورے کرلیے ہیں جبکہ 4 فروری کے سربراہی اجلاس میں مزید اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق بیان سے پیدا صورتحال پر گزشتہ روز اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے بڑوں سے رابطہ کیا تھا۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے سینٹ الیکشن میں زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی کےلیے اپوزیشن اتحاد کو مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے کی تجویز بھی دی۔
نواز شریف اور آصف علی زردری سے گفتگو کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے لیکن پورا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔