ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے ہم نے اپنا مفصل جواب جمع کروادیا ہے، پیپلز پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے ساتھ جواب جمع کروادیا، کبھی کوئی فارن فنڈنگ نہیں لی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ باقی جماعتیں اپنا حساب الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں اور الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ سنائے۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ چیئرمین نیب کرپشن پر ہاتھ نہ ڈالیں، بزنس کرنے والوں کو تنگ کرینگے تو صورتحال اچھی نہیں رہے گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چیئرمین نیب پورے سسٹم کو ڈسٹرب کر رہے ہیں اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کرپشن کے نام پر پروفیشنلز کو تنگ کرنا ان کے اختیار میں کہاں ہے؟ ایک ڈاکٹر کے گھر میں گھس گئے، ایک بزنس مین کے اکاؤنٹس کی تفصیلات پر بینک کو ہراساں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری چیئرمین نیب کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں مگر پرائیویٹ بزنس مین کو ہراساں کرنا چھوڑ دیا جائے۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آپ عوامی نمائندوں کو ذلیل اور پریشان کررہے ہیں۔