وزیر برائے دفاع پرویز خٹک کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور سینیٹ الیکشن سے متعلق کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا شوق یہ پورا کرلیں، انشاءاللّٰہ تاریخی شکست دیں گے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے اکوڑہ خٹک میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پی ڈی ایم تحریک کا کوئی مقصد نہیں تھا، پی ڈی ایم کا ٹولہ اپنی چوریاں چھپانے کے لیے نکلا ہے، پی ڈی ایم کا ایجنڈا اپنی چوری بچانا ہے، عنقریب ہی اس کا نتیجہ آنے والا ہے، ان لوگوں کا کوئی ایجنڈا نہیں۔
پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ڈیم ایم نےعوام کے لیے نہیں اپنے مفاد کی تحریک چلائی، پی ڈی ایم کو نظر آ رہا ہے عوام ان پر اعتماد نہیں کر رہے، پی ڈی ایم ناکامی پر اب عدم اعتماد کی باتیں کر رہی ہے، اپوزیشن کو عدم اعتماد میں ایسی شکست ملے گی کہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دوبارہ رابطے بحال کرنے کے لیے آئے ہیں، چاہتے ہیں کہ دوبارہ رابطے بحال ہوں، آئندہ ہم اکھٹے چلنے کے لیے آج یہاں جمع ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام س اور پی ٹی آئی ابتداء سے ہی ایک پیج پر ہیں، دارالعلوم حقانیہ سے پرانے تعلقات ہیں، سیاسی باتیں ہوتی رہتی ہے۔
پرویزخٹک نے کہا ہے کہ جے یو آئی س کو کسی دوسری جماعت کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہتے، موجودہ ملکی صورتحال میں جے یو آئی س کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں۔