اسلام آباد( نامہ نگارخصوصی) پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے قبل تین فروری کو جمعیت علمائے اسلام کی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میں اگلے روز4 فروری کو پی ڈی ایم کی تحریک کے حوالے سے بعض اہم فیصلے متوقع ہیں۔ جن کے بارے میں مجلس عاملہ کے اجلاس میں ارکان سے ان فیصلوں کے متعلق مشاورت کی جائیگی اور اس تناظر میں انھیں اعتماد میں لیا جائیگا۔اس حوالے سے سرفہرست اور اہم موضوع پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن کی اہم جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے موجودہ حکومت کو ہٹانے کیلئے سڑکوں پر احتجاجی سرگرمیوں کی بجائے ان ہائوس تبدیلی کا موضوع اہم ہوگا۔