• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ایک ہفتے میں طلب کرلیا

سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ایک ہفتے میں طلب کرلیا 


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ایک ہفتے میں طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ، ارکان کے ساتھ میٹنگ کرکے الیکشن شیڈول کے معاملے پر غور کریں اور 4 فروری کو پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے کہ آئین پر عملدرآمد میں رکاوٹ ڈالنے والے سنگین غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں ، لگتا ہے الیکشن کمیشن آئین کی بجائے کسی اور کا تابع ہے ، بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ، عوام کو جمہوریت سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے، آئینی ذمہ داری ادا نہیں کرسکتے تو استعفی دے دیں، جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا غیرقانونی خاتمہ پنجاب کے لوگوں سے ناانصافی ہے، شدید جنگوں میں بھی انتخابات نہیں رکتے،جمعرات کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر پر مشتمل بنچ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیرکے معاملے کی سماعت کی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت اور الیکشن کمیشن پر برہمی کااظہار کیا اورا ستفسار کیاکہ اٹارنی جنرل کہاں ہیں؟ عدالت نے فوری طور پر چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران سمیت اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا ۔

تازہ ترین