• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بختاور بھٹو زرداری اور محمود چودھری کا نکاح ہوگیا


سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔

بختاور بھٹو زرداری کے محمود چودھری کے ساتھ نکاح کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی، جس میں قریبی رشتے داروں کے علاوہ دلہا دلہن کے بیرون ملک سے آئے دوستوں سمیت ڈاکٹر عاصم حسین، انور مجید، فاروق ایچ نائیک، شیری رحمان، شازیہ مری، فیصل سخی بٹ اور دیگر افراد شریک ہوئے۔

نکاح کی تقریب میں 150 کے لگ بھگ مہمان شریک ہوئے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

بختاور بھٹو کا نکاح ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے مولانا غلام محمد سوھو نے پڑھایا۔

دُلہا محمود چوہدری اور دلہن بختاور بھٹو نے روایتی لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔

مہمانوں کی تواضع بریانی، چکن تکہ، دھاگہ کباب اور کٹا کٹ سے کی گئی، اس موقع پر بلاول ہاؤس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

بلاول ہاؤس میں خوشیوں کے شادیانے بج رہے ہیں، 24 جنوری سے بلاول ہاؤس میں محفل میلاد کے ساتھ شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا۔

بختاور بھٹو زرداری اور محمود چودھری نےاہل خانہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں، تقریب میں صنم بھٹو، فریال تالپر، ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر نے بھی شرکت کی۔


بختاور بھٹو کی مہندی کی سادہ اور پُروقار تقریب بھی بلاول ہاؤس میں ہوئی تھیں جہاں انہوں نے اجرک کے ڈیزائن کی خوبصورت مہندی اپنے ہاتھوں پر لگوائی۔

یاد رہے کہ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی دو ماہ قبل بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی تھی۔

تازہ ترین