• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان، ڈاکٹر کی پراسرار موت کی ابتدائی رپورٹ درج

ملتان میں گھر کے کچن سے ڈاکٹر محب سلیم کی جلی ہوئی لاش ملنے کے بعد پولیس نے اس پراسرار موت کی ابتدائی رپورٹ درج کرلی، بیوہ کا کہنا ہے کہ شوہر3 دن پہلے ہی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوکر گھر لوٹے تھے، کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔

ایس ایس پی کاکہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈاکٹر محب سلیم نے خود سوزی کی ہے،ان کی اہلیہ نے رپورٹ درج کرائی ہے، مقدمہ کی درخواست نہیں دی۔

ملتان کی گلشن سخی سلطان کالونی میں ڈاکٹر محب سلیم کی پراسرار موت کا معاملہ اب تک حل نہیں ہوسکا ہے، ڈاکٹرسلیم محب کی بیوہ کی مدعیت میں ابتدائی رپورٹ تھانہ صدر میں درج کرلی گئی ہے ۔

رپورٹ میں بیوہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کا ایک گھر گلشن سخی سلطان کالونی میں بھی ہے، ان کےشوہر گزشتہ روز3 بج کر 45 منٹ پر اپنے دوسرے گھر گئے تھے۔

بیوہ کے مطابق شوہر کا نمبر بند ملا تو پڑوسی کو کال کرکے پتہ کرنے کو کہا، پڑوسی نے فون پر بتایا کہ گھر سے جلنے کی بو آ رہی ہے، جب گھر پہنچے تو کچن میں شوہر کی جلی ہوئی لاش ملی۔

بیوہ نے رپورٹ میں موقف اختیار کیا کہ شوہر ریٹائرمنٹ کے بعد نجی میڈیکل کالج میں لیکچرار تھے، ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرمحب سلیم ایک ہفتہ قبل بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کرنیوالے ڈاکٹر اظہرکے چھوٹے بھائی تھے۔

تازہ ترین