• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست اس وقت خطرے میں ہے، مولانا فضل الرحمان


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کو آج بین الاقوامی سطح پر سبکی اٹھانی پڑرہی ہے، قوم کی حقیقی نمائندہ حکومت اس وقت ناگزیر ہوچکی ہے، ریاست اس وقت خطرے میں ہے۔

 پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ براڈ شیٹ نے ان کی کارکردگی کا پول کھولا ہے، براڈ شیٹ کیس میں ان کی نااہلی کی وجہ سے قوم کو اتنا بڑا نقصان ہوا، ہم نے قوم بن کر ملک کو بچانا ہے۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، اختلاف رائے  پر بغلیں نہیں بجانی چاہئیں، اختلاف کے باوجود پی ڈی ایم متحد ہے، حالات کے مطابق اپنا کارڈ کھیل رہے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ 5 فروری کو مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، ہم بالکل متحد ہیں اور اچھی حکمت عملی کے تحت آگے جارہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمراں بے وقوف تھے اور خود کو بے وقوف بناتے چلے جائیں گے، حکمراں اپنے مستقبل سے بے پرواہ ہیں، ان کا مستقبل تاریک ہے،  ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر استعفے آجاتے ہیں، سندھ اسمبلی ٹوٹ جاتی ہے تو سینیٹ الیکشن نہیں ہوسکے گا، ضمنی الیکشن اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے ہر ضمنی الیکشن میں حصہ لیا ہے۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام کی رائے صحیح طور پر سامنے آئی ہے، عام الیکشن میں عوامی رائے تبدیل کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 2018 کے الیکشن اور نتائج پر اعتراض ہے، جس کو حق حکمرانی نہیں تھا، اسے حق حکمرانی کیوں دیا گیا۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے،  ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ  ملائیشیا میں مسافر طیارہ حکومت کی نااہلی سے روکا گیا،  ضرورت ہے کہ حکومت کا خاتمہ ہو اور شفاف انتخابات ہوں۔

مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ  ضمنی الیکشن اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اگر ایسا نہیں کیا تو سینیٹ ان نااہلوں سے بھر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات کے نتائج کو تبدیل کر دیا گیا ہے، اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا گیا، جس پر اعتراض ہے۔

سر براہ پی ڈی ایم نے کہا کہ تمام شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں، غربت انتہا تک پہنچ چکی ہے، معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے، پی ڈی ایم ایک قومی فریضہ انجام دے رہی ہے۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 5 فروری کو مظفر آباد میں یوم کشمیر منائیں گے، 9 فروری کو حیدر آباد میں جلسہ ہوگا۔

تازہ ترین