• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم پی ڈی ایم کی ڈیڈ لائن کے مطابق استعفیٰ دینے میں ناکام ہوگئے، بلاول بھٹو

اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی ڈیڈ لائن کے مطابق استعفیٰ دینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریب کے اختتام کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پہلا سیاسی بیان جاری کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی ڈیڈ لائن کے مطابق استعفیٰ دینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔


پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ دراصل ان کی ناجائز حکومت کے لیے ایک باعزت موقع تھا، وہ استعفے کے بعد آزاد اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو آگے بڑھا سکتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی حکومت نے عوام پر تاریخی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کو مسلط کردیا ہے، صرف وہی حکومت عوام کی خدمت کرسکتی ہے کہ جسے عوام نے منتخب کیا ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ہمارے پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں زیرِ بحث آئے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اپنی واضح شکست سے بچنے کے لیے قوانین میں تبدیلی سے حکومتی مایوسی عیاں ہوچکی ہے، ایوان بالا کے انتخابات ثابت کردیں گے کہ حکومت کی بنیادیں غیرمستحکم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلمشنٹ اب سیاسی لڑائیوں کا معاملہ سیاستدانوں پر چھوڑ دے اور خود کو تنازعات میں دھکیلنے کا خطرہ مول نہ لے۔

تازہ ترین