اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جاپان میں صدر ملک نور اعوان نے اسلام آباد میں عمران خان کے جلسے کے بعد پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا۔ مجلس عاملہ نے براہ راست عمران خان کا جلسہ دیکھا اور ایک مشترکہ قرارداد کے ذریعے اسے فلاپ قرار دیا۔ اُنہوں نے انکشاف کیا کہ جب ڈکٹیٹر جرنیل نے نواز شریف کو سعودی عرب بھجوایا تو اسکے بعد اُنکے چاہنے والوں نے نواز شریف کے چھوٹے بیٹے حسن نواز کو جاپان بلوا کر اُنہیں سٹیل ملز بطور تحفہ پیش کی جس کی جدہ ترسیل تک کے تمام اخراجات جاپان میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی جیب سے ادا کئے۔ ملک نور اعوان کی پیش کردہ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کا مضبوط دفاع مضبوط معیشت کا مرہون منت ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 3سالوں میں ٹیکس ریونیو 1940ارب سے بڑھ کر 3100ارب تک کرنے کا لائحہ عمل تیار کر رکھا ہے۔ اسکے نتیجے میں مضبوط معیشت پاکستان کے دفاع کیلئے درکار تمام ضروری وسائل نئے بجٹ میں پیش کریگی۔