کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نےدعویٰ کیا ہے کہ وفاق کو سندھ میں کام نہیں کرنے دیا جاتا، سندھ میں مقامی حکومت کا نظام آئین پاکستان کی روح پر پورا نہیں اترتا اس لیے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے ہیں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات نئے بلدیاتی نظام کے تحت کرائے جائینگے، مقامی حکومت کے اختیارات کراچی کے پاس نہیں، وزیراعلیٰ حامی بھرتے ہیں مگر اختیارات نہیں دیتے،اسٹیل مل کو سب جانتے ہیں کس نے اس کو اس حال پر پہنچایا ،منتخب نمائندوں کو جاری ہونے والا فنڈ ہارس ٹرینڈنگ کی بجائے ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوگا، سندھ میں بلدیاتی انتخابات نئے بلدیاتی نظام کے تحت کروائے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی کے ضلع کورنگی شاہ فیصل کالونی میں این اے 239اور صوبائی حلقہ پی ایس 88 کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، رکن سندھ اسمبلی جمال احمد اور دیگر رہنما موجود تھے۔اسد عمرنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تو کراچی میں کام جاری رکھے گی کیونکہ ہم کراچی کو اپنا سمجھتے ہیں سندھ حکومت ہی اسے اپنا نہیں سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے تو وفاق سے مدد مانگتے ہیں، سندھ میں وفاق کام کرنے کی کوشش کرتا ہے تو روڑے اٹکائے جاتے ہیں، مقامی حکومت کے پاس سارے اختیارات ہونے چاہئیں مگر کراچی میں ایسا نہیں ہے، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء حامی بھرتے ہیں لیکن اختیارات نہیں دیتے بلدیاتی نمائندے صوبائی حکومت کے رحم کرم پر نہیں ہونے چاہئیں۔