• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی حرکتیں بتاتی ہیں کہ وہ خود نہیں آئے، شازیہ مری


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے آئینی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے، شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان اپنی حرکتوں سے بتاتے ہیں کہ وہ خود نہیں آئے، یہ سلیکٹڈ اور لٹیرے ہیں ۔

کراچی میں فیصل کریم کنڈی نے پی پی لیڈر شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں رہ کر ان کا مقابلہ کریں گے، اس بات پر تمام اتحادی جماعتوں کو راضی کیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی

انہوں نے کہا کہ پہلے پیٹرول بم گرایا جاتا تھا،اب سمری زیادہ کی بھیجتےہیں ، پھر دو یا تین روپے بڑھا دیتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ ہمیں 2008 ء میں جب ملک ملا تو بہت مشکل وقت تھا، آٹے چینی کا بحران تھا دہشت گردی عروج پر تھی،جب صدر زرداری آئے تو ہم نے حالات بہتر کیے،ہم نے آئین کو اچھے طریقے سے بحال کیا،جبکہ ان کا پاس ایک ہی بات ہے کہ میں این آر او نہیں دوں گا اس کے علاوہ کوئی بات نہیں۔

پی پی رہنما نے کہاکہ موجودہ حکومت کے بے شمار وعدے ہیں، کہاں ہیں پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں؟، لوگوں کو بے گھر کر کے اپنا گھر ریگولرائز کر لیا کیونکہ شاید وہاں مدینے کی ریاست ہے۔

براڈ شیٹ اس حکومت اور نیب کے خلاف چارج شیٹ ہے،نیب پر اپنی ایف آئی آر ہو گئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سینٹ کے الیکشن ہونے والے ہیں اور عمران خان جہاز والا بندہ ڈھونڈ رہے ہیں،جہانگیر ترین صاحب مان نہیں رہے،یہ لوگ سینٹ کا الیکشن سے قبل اپنے اراکین کو ترقیاتی فنڈز دے رہے ہیںیہ کرپشن نہیں تو اور کیا ہے۔

پی پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 25 ایم پی اے ہم سے رابطے میں ہیں،ہم کسی کی پارٹی نہیں توڑنا چاہتے۔

پریس کانفرنس میں شازیہ مری نے کہا کہ آج مہنگائی میں کس کے خزانے بھر رہے ہیں، ہم پارلیمنٹ کے اندر بھی سوال کریں گے اور باہر بھی، انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ۔

شازیہ مری

شازیہ مری کاکہنا تھا کہ ان سے سفارتی تعلقات نہیں بنتے ،قدیم سفارتی تعلقات پر ہمیں پانچ لاکھ کورونا ویکسین چین سے ایڈ میں ملی ہے۔

جو ان کے قول اور فعل ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،یہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ چکی ہے، جس سونامی کا یہ ذکر کرتے تھے یہ وہ سونامی ہے۔

پی پی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ ہم اداروں کی عزت کرتے ہیں اور عزت کرانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کو ٹی وی دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے، عمران خان اپنی حرکتوں سے بتاتے ہیں کہ وہ خود نہیں آئے،یہ سلیکٹڈ اور لٹیرے ہیں اور کرائے کے ترجمانوں سے بیانات دلواتے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ یہ جب اپوزیشن میں تھے تو پروٹوکول حرام تھا اب حلال ہو گیا ؟ وزیراعظم غیر جمہوری سوچ کا مالک ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کے دعوے داروں نے مردم شماری پر مک مکاُکر لیایہ کھلی منافقت ہے،گیس کی قلت ہے انڈسٹریز کی گیس منقطع کی جا رہی ہے، انڈسٹریز بند ہو گئیں تو پھر غریب کا گھر کیسے چلے گا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ یہ حکومت چار ووٹوں پر کھڑی ہے ان کو احتیاط کرنا ہو گی، ان کے اپنے لوگ ناراض ہیں اتحادی تو دور کی بات ہے،

شازیہ مری کاکہنا تھا کہ پانچ سال تمہیں عجیب لگ رہے ہیں یہ ایک ڈکٹیٹر کی نشانی ہے،ہم اس بیان کو غیر جمہوری سمجھتے ہیں کہ ہر5سال بعد الیکشن کیوں ہوتے ہیں، ہم اس حکومت کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین