• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل آباد: سہیلی کو قتل کر کے خودکشی کرنیوالی لڑکی سمیت 4 افراد پر مقدمہ


فیصل آباد میں سہیلی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے اور خود زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کرنے والی لڑکی اور اس کے بھائی سمیت 4 افراد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز ساہیانوالہ کے نواحی گاؤں لاہوریاں میں 22 سالہ ملزمہ نبیلہ نے اپنی سہیلی مقدس کے گھر جا کر پسٹل سے فائرنگ کر کے اسے قتل اور ایک خاتون شازیہ کو زخمی کر دیا تھا۔

فائرنگ کے بعد ملزمہ نے خود بھی زہریلی گولیاں نگل لیں اور پولیس حراست میں اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی تھی۔

مقتولہ مقدس کے اہلِ خانہ نے پولیس کو بتایا کہ مقدس کا رشتہ طے ہو جانے کے بعد ملزمہ کو گھر آنے سے منع کیا گیا تھا جس پر وہ غصے میں آگ بگولہ ہو کر 2 پسٹلز لے کر ان کے گھر حملہ آور ہوئی۔


پولیس نے مقتولہ مقدس کے بھائی کی مدعیت میں خودکشی کرنے والی نبیلہ اور اس کے بھائی احسان علی سمیت 4 افراد کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل سمیت 4 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ سے برآمد ہونے والے 2 پسٹلز کے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں کہ وہ اس نے کہاں سے حاصل کیئے تھے۔

تازہ ترین